لاہور :(حافظ نعیم سے ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پراجیکٹ کے تحت ایک لاکھ گھر کا ہدف پورا ہونے پر اظہارِ تشکر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کم آمدن والے ایک لاکھ خاندانوں کو بلاسود اور آسان قرض دینے کا ٹارگٹ مکمل کر لیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پراجیکٹ کے تحت گھر بنانے والے تمام افراد کو مبارکباد دی اور 10 ماہ میں ایک سال کا ہدف پورا کرنے پر پراجیکٹ کی ٹیم کو شاباش دی۔پراجیکٹ کے تحت 100835 خاندانوں کو 120 ارب روپے کے قرض جاری کیے گئے، 22305 گھر آباد ہو چکے جبکہ 64190 گھر تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پراجیکٹ نے ہاؤسنگ کے شعبے میں نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔غریب آدمی کو چھت ملنے کے خواب کی تکمیل پر اللہ تعالیٰ کا جتنا بھی شکر ادا کیا جائے کم ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ غریب آدمی کے لیے گھر کا خواب نواز شریف نے دیکھا اور کاوشوں کی توفیق اللہ تعالیٰ نے ہمیں دی۔
ان کا کہنا تھا کہ 10 ماہ میں پراجیکٹ کے لیے ایک لاکھ قرضوں کا شفاف اجراء قابلِ تقلید مثال ہے۔انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ 5 سال میں 5 لاکھ گھروں کا ہدف پورا کیا جائے گا۔مریم نواز شریف نے کہا کہ ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پراجیکٹ نے پہلی مرتبہ عام آدمی کو احساس دلایا ہے کہ ریاست واقعی ماں کے جیسی ہے۔

