سڈنی :آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر کیمرون گرین کو ہلکی نوعیت کی سائیڈ انجری کے باعث بھارت کے خلاف تین ون ڈے میچوں کی سیریز سے باہر کر دیا گیا ہے جبکہ ان کی جگہ مارنس لبوشین کو سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا (سی اے )کے مطابق گرین کی چوٹ اگرچہ کم شدت کی ہے، تاہم احتیاطی تدابیر کے تحت انہیں آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ وہ آسٹریلیا کی ایشیز تیاریوں کا اہم حصہ ہیں۔کیمرون گرین اب 19، 23 اور 25 اکتوبر کو بھارت کے خلاف شیڈول میچز میں شرکت نہیں کریں گے، البتہ توقع ہے کہ وہ 28 اکتوبر سے شروع ہونے والے شیفیلڈ شیلڈ کے اگلے میچ میں ویسٹرن آسٹریلیا کی نمائندگی کریں گے۔
انہوں نے حال ہی میں کمر کی سرجری کے بعد پہلی بار گزشتہ ہفتے شیفیلڈ شیلڈ میں بائولنگ کی اور چار اوورز میں ایک وکٹ حاصل کی۔ کرکٹ آسٹریلیا کے بیان کے مطابق کیمرون گرین کی موجودہ چوٹ کا گزشتہ سرجری سے کوئی تعلق نہیں۔سی اے نے کہا ہے کہ کیمرون گرین مختصر بحالی کے مرحلے سے گزریں گے اور شیفیلڈ شیلڈ کے تیسرے راؤنڈ میں واپسی کے لیے تیار ہو رہے ہیں تاکہ ایشیز کے لیے تیاری جاری رکھ سکیں۔
دوسری جانب مارنس لبوشین کی ٹیم میں واپسی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب وہ شاندار فارم میں ہیں۔ کوئنزلینڈ کے لیے کھیلتے ہوئے انہوں نے حالیہ وقت میں 50 اوور کے فارمیٹ میں دو شاندار سنچریاں سکور کی ہیں۔ اگرچہ انہیں اگست میں جنوبی افریقہ کے خلاف گھریلو ون ڈے سیریز میں متاثر کن کارکردگی نہ دکھانے پر ٹیم سے باہر کر دیا گیا تھا، لیکن حالیہ کارکردگی نے انہیں دوبارہ موقع دلوایا ہے۔
آسٹریلیا کی بھارت کے خلاف ابتدائی ون ڈے سکواڈ میں مچل مارش (کپتان)زاویئر بارٹلیٹ،کوپر کونو لی،بین ڈوارشویس،نیتھن ایلس،جوش ہیزلووڈ،ٹریوس ہیڈ،میتھیو کوہنمن،مارنس لبوشین،مچل اووین،جوش فلیپ،میتھیو رینشا،میتھیو شارٹ اور مچل سٹارک شامل ہیں ۔
دوسرے ون ڈے سے سکواڈ میں شامل ہونے والے کھلاڑی ایڈم زامپا،ایلکس کیری اورجوش انگلیس ہیں۔پہلے میچ میں ایڈم زامپا خاندانی وجوہات کی بنا پر دستیاب نہیں ہوں گے، جبکہ جوش انگلیس پنڈلی کی تکلیف سے مکمل صحتیابی کی جانب گامزن ہیں۔ ان کی جگہ ابتدائی میچ میں جوش فلپ کو شامل کیا گیا ہے۔

