راولپنڈی :لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق اور میجر طیب راحت کی نماز جنازہ آج چکلالہ گیریژن، راولپنڈی میں ادا کی گئی۔ دونوں افسران ان گیارہ بہادر سپوتوں میں شامل تھے جو ضلع اورکزئی میں بھارتی سپانسرڈ دہشت گرد گروہ "فتنہ الخوارج” کے خلاف انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کے دوران شہید ہوئے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف،فیلڈمارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزراء، عسکری و سول افسران اور عوام کی بڑی تعداد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔
وزیرِ اعظم شہبازشریف نے اورکزئی کے اس واقعے میں شہید ہونے والے گیارہ جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف مضبوط اور پختہ عزم رکھتی ہے اور شہداء کی قربانی اس بات کا غماز ہے کہ قوم اپنی مادر وطن کا دفاع کسی بھی قیمت پر کرے گی۔
شہداء کو ان کے آبائی علاقوں میں فوجی اعزازات کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔

