لاہور: (حافظ نعیم ) سیلاب ابھی ٹلا نہیں کہ نئی مصیبت نے سر اٹھا لیا،پاکستان کے محکمہ موسمیات نے ڈینگی الرٹ جاری کردیا۔۔20 ستمبر سے ڈینگی پھیلنے کا خطرہ، عوام محتاط رہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سیلابی پانی اور بارشوں سے ڈینگی وباء کے لیے سازگار ماحول پیدا ہوچکا ہے اور ڈینگی کی وبا پھیلنے کا کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت 10 بڑے شہروں کو شدید خطرہ ہے۔
موسمیاتی ڈیٹا کے مطابق اس سال ڈینگی کے شدید ترین پھیلاؤ کا خدشہ پایا جا رہا ہے ڈینگی مچھر صبح سورج نکلنے کے بعد اور شام سورج ڈھلنے سے پہلے سب سے زیادہ متحرک دیکھا گیا ہے ۔
یادرہے ڈینگی مچھر کی افزائش اور نشو ونما کے لئے درجہ حرارت 26 سے 29 ڈگری، نمی 60 فیصد اور بارش 27 ملی میٹر آئیڈیل ہے اور ان حالات میں ڈینگی مچھر تیزی سے پھیلتا ہے ،
اسی طرح ماہرین کا کہنا ہے کہ سیلاب زدہ علاقوں میں ٹھہرا ہوا پانی ڈینگی مچھر کی افزائش کے لیے قدرتی نرسری کا درجہ اختیار کرچکا ہے اس وقت پنجاب اور سندھ کے سینکڑوں دیہات اور درجنوں اضلاع زیر آب ہیں جبکہ لاکھوں متاثرہ افراد نے فلڈ ریلیف کیمپس ،شیلٹرز اور خیموں میں پناہ لے رکھی ہے۔
شہری انتظامیہ کو فومیگیشن اور صفائی کے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ محکمہ موسمیات و محکمہ صحت کے افسروں کاکہنا ہے کہ عوام گھروں کے گرد پانی جمع نہ ہونے دیں، مچھر دانی اور ریپیلنٹ استعمال کریں اسی طرح سیلاب ریلیف کیمپس کو صاف اور خشک رکھنے کی تاکید کی گئی ہے جبکہ صحت کے مراکز کو اعلیٰ الرٹ پر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔
ڈینگی کی تازہ ترین صورتحال کے لیے PMD ویب سائٹ وزٹ کریں۔

