واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یو ٹرن لیتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کو دوست قراردیا ہےاور کہا ہے کہ بھارت امریکا تعلقات بہت خاص ہیں فکر کی کوئی بات نہیں ہے۔
جوابی ردعمل میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹرمپ کے بیان کی تعریف کی ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ وہ صدر ٹرمپ کے جذبات کی تہہ دل سے قدر کرتے ہیں اور ان کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا: میں صدر ٹرمپ کے جذبات اور ہمارے تعلقات کے بارے میں ان کے مثبت خیالات کی تعریف کرتا ہوں۔ انڈیا اور امریکہ کے درمیان انتہائی مثبت اور سمجھ بوجھ پر مبنی جامع اور عالمی سٹریٹجک شراکت داری ہے۔ یادرہےاس سے قبل ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ ہم نے انڈیا اور روس کو چین کے ہاتھوں کھو دیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اس سوال پر کہ کیا ا آپ اس وقت انڈیا کے ساتھ تعلقات دوبارہ شروع کرنے کے لیے تیار ہیں؟
اس کے جواب میں ٹرمپ نے کہا میں ہمیشہ مودی کا دوست رہوں گا، وہ ایک عظیم وزیر اعظم ہیں، میں ہمیشہ دوست رہوں گا لیکن وہ جو اس وقت کر رہے ہیں مجھے یہ پسند نہیں ہے۔ تاہم انڈیا اور امریکہ کے تعلقات بہت خاص ہیں، فکر کرنے کی کوئی بات نہیں ہے۔ کبھی کبھی ایسے مواقع آتے رہتے ہیں۔

