لاہور; 9 مئی کیس میں ڈنڈا برآمد ہونے کے بعد لاہور کی ا نسداد دہشت گردی عدالت نے علیمہ خان کے بیٹے شیرشاہ کے مزید ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل کرکے جیل بھیج دیا۔
لاہور پولیس نے 22 اگست کو عمران خان کی بہن علیمہ خان کے بیٹے شیرشاہ کو ان کے گھر کے باہر سے گرفتار کیا تھا، اس سے ایک دن قبل اس کے بھائی شاہریز خان کو بھی اسی مقدمے میں گرفتار کر کے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا گیا تھا۔
بدھ کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر لاہور پولیس نے شیرشاہ کو انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل کے سامنے پیش کیا۔
شیرشاہ کے وکیل ایڈووکیٹ رانا مدثر عمر، پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ اور بیرسٹر تیمور ملک عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ استغاثہ کی نمائندگی امتیاز احمد سپرا نے کی، علیمہ خان اپنی بہنوں عظمیٰ خان اور نورین کے ساتھ عدالت میں موجود تھیں۔
دوسری جانب ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے شاہریز اور شیرشاہ کی گرفتاریوں پر تشویش ظاہر کی ہے، جبکہ ایمنسٹی نے ان کی گرفتاری کو ’سیاسی انتقام‘ قرار دیا ہے۔

