ٹانک: (بیورو رپورٹ)
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبدالصمد خان نے واضح کیا ہے کہ ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور بھرپور کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ منشیات کے مکروہ دھندے کے خاتمے کے لیے جلد جامع اور بڑے پیمانے پر گرینڈ آپریشن شروع کیا جائے گا۔ پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائیوں کے باعث جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے، تاہم جرائم کے مکمل خاتمے کے لیے عوام کا تعاون ناگزیر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ پریس کلب ٹانک کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ڈی پی او عبدالصمد خان نے کہا کہ ٹانک پولیس امن و امان کے قیام، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے سدباب کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں میں کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور قانون شکن عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
منشیات نوجوان نسل اور معاشرے کے مستقبل کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے، جس کے خلاف پولیس جلد بھرپور گرینڈ آپریشن شروع کرنے جا رہی ہے۔ آپریشن کے دوران منشیات فروشوں، سپلائرز اور اس مکروہ کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسل ( ) کمیٹیوں کو یونین کونسل کی سطح پر مزید فعال اور مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو اپنے تنازعات اور مسائل کے فوری حل کے لیے بروقت انصاف ان کی دہلیز کے قریب میسر آ سکے۔ پولیس اور عوام کے درمیان مضبوط رابطے اور اعتماد کو فروغ دے کر معاشرتی مسائل میں کمی اور پائیدار امن کے قیام کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
پولیس کی کامیابی صرف کارروائیوں تک محدود نہیں بلکہ عوامی تعاون، بروقت اطلاع اور کمیونٹی پولیسنگ بھی جرائم کے خاتمے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔
ڈی پی او عبدالصمد خان نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کے خلاف پولیس کا ساتھ دیں، اپنے اردگرد ہونے والی مشکوک سرگرمیوں کی بروقت اطلاع پولیس کو دیں اور معاشرے کو منشیات اور جرائم سے پاک کرنے میں اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔
ان کا دوٹوک مؤقف تھا کہ ٹانک میں امن، قانون کی بالادستی اور شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

