اسلام آباد :سول و ملٹری ایوارڈز کمیٹی نے وزیراعظم شہباز شریف کا نام”نشان پاکستان” کے لیے تجویز کیا تھا تاہم وزیراعظم نے اپنا نام اس فہرست سے نکال دیا۔
آج ایوان صدر میں ہونے والی پروقار تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے سول و عسکری شخصیات کو اعلیٰ اعزازت سے نوازا۔ کمیٹی نے وزیراعظم شہبازشریف کا نام "نشان پاکستان” کے لیے تجویز کیا تھا تاہم کمیٹی کی بھیجی گئی سمری ملنے پر وزیراعظم نے اپنا نام فہرست سے نکال کر باقی تمام ناموں کی منظوری دیدی۔
اس کے علاوہ سینئر صحافی اور ایڈیٹر انویسٹی گیشن دی نیوز انصار عباسی نے بھی معرکہ حق ایوارڈ لینے سے معذرت کی۔انصار عباسی نے سیکرٹری کابینہ کو ایوارڈ نہ لینے کے فیصلے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم معرکہ حق ایوارڈ کی حق دار ہے ، انہوں نے کوئی ایسا غیر معمولی کام نہیں کیا اور جو کیا وہ ان کا فرض تھا۔
دوسری جانب آج ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں صدر مملکت کی جانب سے وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اعظم کی جانب سے بنائی گئی پارلیمانی کمیٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ کو نشان امتیاز سے نوازا گیا۔
اس کے علاوہ وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیر داخلہ محسن نقوی، احسن اقبال، شیری رحمان، فیصل سبزواری، مصدق ملک اور حنا ربانی کھر کو بھی سول اعزازات سے نوازا گیا۔ طارق فاطمی اور خرم دستگیر خان کو بھی اعلیٰ سول ایوارڈز ملے۔
صدر پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف معرکہ حق میں مسلح افواج کو فرنٹ سے لیڈ کرنے اور بہترین جنگی حکمت عملی مرتب کرنے پر فیلڈ مارشل اور آرمی چیف عاصم منیر ہلال جرات سے نوازا جبکہ ائیر چیف مارشل ظہیر بابر احمد سدھو کو بھی ہلال امتیاز سے نوازا گیا۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کو نشانِ امتیاز دیا گیا۔نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کو نشانِ امتیاز عطا کیا گیا۔ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک اور ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری سمیت پاک بحریہ کے وائس ایڈمرل راجا ربنواز اور ریئر ایڈمرل عبدالمنیب کو اعلیٰ اعزازات سے نوازا گیا۔
وزیر برائے اقتصادی امور احسن خان چیمہ، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر حسین شاہ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، ڈاکٹر فواد اسد اللہ خان اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید کو بھی ہلالِ امتیاز سے نوازا گیا۔
پاکستان ایئر فورس کے پائلٹس کو ستارۂ جرات دیا گیا، جن میں ونگ کمانڈر بلال رضا، ونگ کمانڈر حماد ابن مسعود، سکواڈرن لیڈر محمد یوسف خان، محمد اسامہ اسحاق، محمد حسن انیس، طلال حسن، فدا محمد خان اور محمد اشہاد شامل ہیں۔ لانس حوالدار عامر شیراز شہید، نائیک عبد الرحمان شہیدکو تمغہ جرات سے نوازا گیا، لانس نائیک اکرم اللہ شہید، سپاہی عدیل اکبر اور کیپٹن علی حسن کو بھی تمغہ جرات سے نوازا گیا۔

