کراچی (خصوصی رپورٹ ) نادرا نے جانشینی سرٹیفکیٹ کا حصول مزید آسان بنا دیا، ملک بھر میں سہولت مراکز فعال
کراچی: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے جانشینی سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے عمل کو مزید سہل بنا دیا ہے۔ اب شہری ملک کے کسی بھی نادرا مرکز سے جانشینی سرٹیفکیٹ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، خواہ وراثتی جائیداد کسی بھی صوبے میں ہو۔
نادرا کے ترجمان کے مطابق، ملک بھر میں 186 جانشینی سہولت مراکز قائم کیے گئے ہیں جہاں سے تمام صوبوں کی درخواستیں وصول کی جائیں گی۔ یہ مراکز اسلام آباد، سندھ، پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں فعال ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ قانونی ورثا اپنی بائیومیٹرک تصدیق کسی بھی نادرا مرکز پر کرا سکتے ہیں، جب کہ پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے یہ سہولت پہلے سے دستیاب ہے۔

