مینگورہ :سوات کے رہائشی مہران نے منگورہ میں سوات پریمیئر لیگ (ایس پی ایل) کے ایک میچ کے دوران چلتی موٹر سائیکل پر بیٹھے بیٹھے ایک کیچ پکڑ کر نہ صرف پاکستان بلکہ دُنیا بھر کے ہی کرکٹ شائقین کو حیران کر دیا۔
مہران کے اس کیچ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گراؤنڈ سے باہر جانے والی گیند ایک چلتی موٹر سائیکل پر سوار مہران کی جانب آتی ہے اور وہ اسے ایک ہاتھ سے پکڑ لیتے ہیں۔یہ میچ سوات سٹرائیکرز اور جی کے آر دیر کے درمیان کھیلا جا رہا تھا۔ سوات سٹرائیکرز نے یہ میچ 34 رنز سے جیتا، لیکن میچ کے دوران پکڑا گیا یہ کیچ سوشل میڈیا پر خاص توجہ حاصل کر رہا ہے۔
مہران نے بتایا کہ وہ مرغزار کے رہائشی ہیں اور محکمہ پبلک ہیلتھ انجینیئرنگ میں ملازم ہیں۔ان کے مطابق وہ دفتر سے گھر جا رہے تھے اور کرکٹ کے شوق کی وجہ سے میچ پر بھی نظر تھی۔
سوات میں موٹر سائیکل سوار کا کیچ دنیا میں ہیڈلائنز بنا گیا https://t.co/TsPBwda9bh
— Muhammad Faheem (@MeFaheem) November 26, 2026
ان کے مطابق وہ کرکٹ کا شوقین ہیں، اور کرکٹر بھی ہیں ان کاکہنا تھا کہ کہ ابرار لالہ کریز پر موجود تھے اور پھر انھوں نے چھکا مارا۔جب گیند ان کی طرف آئی تو انھوں نے موٹر سائیکل چلا رہے اپنے ساتھی سے کہا کہ وہ سر نیچے کر لیں تاکہ میں کیچ پکڑ سکوں۔میں نے اسے کہا سر نیچے کریں، میں کیچ پکڑتا ہوں۔ تو پھر میں نے کیچ پکڑ لیا۔مہران کے مطابق انھوں نے کیچ پکڑنے کی کوشش تو کی تھی، لیکن انھیں یقین نہیں تھا کہ وہ ایسا کر پائیں گے۔محنت تو کی لیکن اُمید نہیں تھی کہ کیچ پکڑوں گا۔ میں کہہ رہا تھا کہ یہ ادھر گر جائے گا، لیکن بس اللہ کے کرم سے کیچ پکڑ لیا۔


