چکوال (مہتاب نصیر اعوان سے) \

خصوصی بچوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، ان میں خود اعتمادی، حوصلہ اور کھیلوں کا جذبہ فروغ دینے کے لیے گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سکول فار ہیئرنگ امپیئرڈ چکوال کے زیرِ اہتمام سپورٹس گالا 2026ء کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع چکوال کے سات سپیشل ایجوکیشن اداروں کے بچوں نے بھرپور شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر سارہ حیات کی ہدایت پر منعقد ہونے والے اس سپورٹس گالا میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (سوشل سروسز) چکوال عدنان انجم راجہ اور ڈسٹرکٹ آفیسر سپیشل ایجوکیشن راولپنڈی ڈویژن میڈم شمائلہ خان نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر لانگ جمپ، رسہ کشی، دوڑ اور دیگر کھیلوں کے دلچسپ مقابلے منعقد ہوئے، جن میں خصوصی بچوں نے بھرپور جوش و جذبے، اعتماد اور دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی بہترین صلاحیتوں کا لوہا منوایا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز عدنان انجم راجہ نے کہا کہ کھیلوں کے مقابلوں کے دوران خصوصی بچوں کی پھرتی، جوش و جذبہ اور دلچسپی قابلِ تحسین ہے۔ ان بچوں کی کارکردگی اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی بچوں کو آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرنا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے سپورٹس گالا کے کامیاب انعقاد پر سکول انتظامیہ اور منتظمین کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
شمائلہ خان ڈسٹرکٹ آفیسر سپیشل ایجوکیشن راولپنڈی ڈویژن میڈم شمائلہ خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ چکوال کے خصوصی بچوں نے کھیلوں کے مقابلوں میں اپنی قابلیت اور صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے، اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے بچوں کو ڈویژنل سطح کے کھیلوں کے مقابلوں میں شرکت کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ 2025ء میں پاکستان کے دو خصوصی بچوں نے اٹلی میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے ملک کا نام روشن کیا، جو اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ مناسب مواقع، تربیت اور حوصلہ افزائی ملنے پر خصوصی بچے بین الاقوامی سطح پر بھی اپنی قابلیت منوا سکتے ہیں۔
سپورٹس گالا کے کامیاب انعقاد کے لیے سکول پرنسپل محمد علی، ڈسٹرکٹ فوکل پرسن سپیشل ایجوکیشن سپورٹس رستم علی اور فوکل پرسن احسن عارف نے اپنی ٹیم کے ہمراہ بہترین انتظامات کیے۔ تقریب کے اختتام پر مہمانانِ خصوصی نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے خصوصی بچوں میں انعامات تقسیم کیے جبکہ مہمانوں کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔


