تل ابیب / یروشلم:
اسرائیلی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، اسرائیلی فوجی انٹیلی جنس کے اعلیٰ حکام نے ایک بند کمرے کے اجلاس میں وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کو خبردار کیا ہے کہ ایران پر کوئی بھی ممکنہ یا یکطرفہ حملہ خطے میں ایک وسیع اور کثیر الجہتی جنگ کو جنم دے سکتا ہے۔چینل 12 اور دی ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹس کے مطابق، فوجی انٹیلی جنس حکام کا کہنا ہے کہ اگر ایران کے خلاف فوجی کارروائی کی گئی تو کشیدگی صرف دونوں ممالک تک محدود نہیں رہے گی، بلکہ اس کے اثرات پورے خطے میں پھیل سکتے ہیں اور لبنان، شام اور غزہ سمیت متعدد محاذ کھلنے کا خدشہ ہے۔رپورٹس کے مطابق، فوجی انٹیلی جنس کا یہ انتباہ وزیر اعظم نیتن یاہو اور موساد کے سربراہ رومن گوفمین کے اس اندازے سے مختلف ہے جس کے تحت ان کا خیال ہے کہ ایران کے خلاف کسی ممکنہ فوجی کارروائی کو تین سے پانچ دنوں تک محدود رکھا جا سکتا ہے۔اسرائیلی سرکاری نشریاتی ادارے ‘کان’ (Kan) کے مطابق، نیتن یاہو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر زور دے رہے ہیں کہ ایران کے خلاف جلد از جلد فوجی اقدام کیا جائے۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ موساد کے سربراہ نے گزشتہ ہفتے واشنگٹن اور میامی کا دورہ کر کے امریکی حکام کو ایران کے مبینہ کیمیائی ہتھیاروں کی تیاری سے متعلق انٹیلی جنس معلومات سے بھی آگاہ کیا، تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس حوالے سے تاحال محتاط ہیں اور انہوں نے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔دوسری جانب اسرائیلی اپوزیشن رہنما ایویگڈور لیبرمین نے بھی ایران پر ممکنہ حملے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ نیتن یاہو امریکی حمایت کے بغیر یکطرفہ اقدام کر سکتے ہیں۔ لیبرمین کے مطابق موجودہ صورتحال میں کسی فوری سیکیورٹی خطرے کے باعث حملے کا کوئی جواز نہیں بنتا اور اگر کوئی کارروائی ہوئی تو اس کے محرکات داخلی اور سیاسی ہوں گے۔اس معاملے پر اسرائیلی فوج (IDF) نے بند کمرے کے اجلاس میں ہونے والی گفتگو پر باضابطہ تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔


