اسلام آباد :حکومت نے ملک کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے 8 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تیسرا بین الاقوامی ٹینڈر جاری کر دیا ہے، جس کے تحت عالمی سپلائرز سے 30 نومبر تک بولیاں طلب کر لی گئی ہیں۔ ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کی جانب سے جاری کردہ ٹینڈر دستاویزات کے مطابق 30 نومبر کو دوپہر ڈھائی بجے تکنیکی بولیاں کھولی جائیں گی اور عالمی سپلائرز کے لیے کم از کم 50 ہزار میٹرک ٹن گندم کی بولی دینا اور پانچ سالہ برآمدی تجربہ رکھنا لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ بھارت، اسرائیل اور دیگر ممنوعہ ممالک سے گندم درآمد کرنے پر مکمل پابندی ہوگی اور جنگ زدہ علاقوں سے سپلائی کرنے والی کمپنیوں کو متبادل ممالک کی پیشکش دینا ہوگی۔ دستاویزات کے مطابق درآمدی گندم سال 2026 کی نئی فصل کی ہونی چاہیے جس میں نمی زیادہ سے زیادہ 14.5 فیصد، پروٹین کم از کم 10 فیصد اور ویٹ گلوٹن کم از کم 23 فیصد مقرر کیا گیا ہے، جبکہ گندم کی ترسیل دو مراحل میں 25 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 کے دوران روانہ کی جائے گی اور تمام 8 لاکھ میٹرک ٹن گندم 15 فروری 2027 تک کراچی یا گوادر کی بندرگاہوں پر پہنچانا لازمی ہوگا بصورت دیگر تاخیر پر 25 امریکی سینٹ فی ٹن یومیہ جرمانہ عائد کیا جائے گا۔


