کراچی :پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے شہباز شریف کو 2 مرتبہ وزیراعظم بنوایا اور چاہتے ہیں کہ ان کے ہاتھ مضبوط ہوں، دعا ہے کہ شہباز شریف 5 سالہ مدت مکمل کرنے والے ملک کے پہلے وزیراعظم بنیں۔
کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک کے معاشی حالات سب کے سامنے ہیں، انہوں نے اپنی زندگی میں اس سے زیادہ مشکل معاشی وقت نہیں دیکھا، ایران جنگ کے باعث عوام کو مہنگائی کا سامنا ہے اور ہر شہری جنگ کا معاشی بوجھ اپنے کندھوں پر اٹھا رہا ہے۔
میری دعا ہے کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف ملک کے پہلے وزیراعظم ہوں جو اپنی آئینی مدت مکمل کریں۔ میں یہ اس لیے چاہتا ہوں کہ آنے والے وقت میں پاکستان کو جن معاشی اور سیاسی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، وہ میرے لیے باعثِ تشویش ہیں۔
بدقسمتی سے آج عوامی مسائل پر وہ توجہ نظر نہیں آتی جس کی ضرورت ہے۔ ایک صوبہ بنے یا ہزار صوبے، عام پاکستانی کی بنیادی فکر انتظامی تقسیم نہیں بلکہ دو وقت کی روٹی ہے، اصل ضرورت عوام کے ان مسائل کو حل کرنے کی ہے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری
@BBhuttoZardari
#SindhWheatSupportProgram
#BenazirHariCard— PPP (@MediaCellPPP) November 20, 2026
بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات میں ایک یا دو سیاسی جماعتیں اکیلے کام نہیں کرسکتیں، مولانا فضل الرحمان کو پسند کریں یا نہ کریں، وہ اپوزیشن میں ہیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ خان صاحب کے پاس اپوزیشن میں سب سے زیادہ تعداد ہے اور اپوزیشن کو پارلیمان میں واپس آنے کے لیے رجوع کرنا ہوگا۔ سیاسی ضد اور انتقام کو ملکی مفاد سے زیادہ اہمیت نہیں دینی چاہیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کو اس بات سے زیادہ اپنی معاشی مشکلات کی فکر ہے کہ ایک صوبہ بنے یا ایک ہزار صوبے، انہیں اپنے مسائل کے حل کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنا مؤقف عوام کے سامنے رکھنے کا حق رکھتے ہیں، اب یہ وزیراعظم کی مرضی ہے کہ وہ ان کی تجاویز پر توجہ دیتے ہیں یا نہیں۔
پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کے بعد اگلا مرحلہ معاشی ترقی، روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور عوام کو مہنگائی، بے روزگاری اور غربت سے نجات دلانا تھا۔ مگر افسوس کہ جنگی صورتحال اور حکومتی سطح پر غیر ضروری سیاسی ایجنڈوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو معاشی اصلاحات پر توجہ مرکوز کرنے کا موقع نہیں دیا۔
@BBhuttoZardari
— PPP (@MediaCellPPP) November 20, 2026
وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بڑی مشکل سے بچایا گیا اور معیشت کی سمت درست کی گئی، لیکن وزیراعظم کو معاشی مشکلات سے نمٹنے کے لیے اقدامات کرنے اور اپنا معاشی پلان بنانے کا موقع ہی نہیں دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو تمام سیاسی جماعتوں کو بلا کر معاشی مشکلات سے نکلنے کے لیے مشترکہ منصوبہ بندی کا موقع نہیں ملا جب کہ وزیراعظم کی ٹیم کے بعض وزرا اپنا الگ ایجنڈا شروع کر دیتے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ انہوں نے دو مرتبہ شہباز شریف کو وزیراعظم بنایا اور وہ وزیراعظم کے ہاتھ مضبوط کرنا چاہتے ہیں، وہ شہباز شریف کی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں اور چاہتے ہیں کہ وہ پاکستان کے پہلے وزیراعظم بنیں جو اپنی آئینی مدت مکمل کریں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ چھوٹے کاشت کار زرعی شعبے کا 90 فیصد حصہ رکھتے ہیں، بے نظیر ہاری کارڈ کاشت کاروں اور چھوٹے زمینداروں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے بنایا گیا ہے اور اس کے ذریعے ان کی مدد کی جا رہی ہے۔ سندھ میں صفر سے 25 ایکڑ تک اپنی زمین خود کاشت کرنے والے کسانوں کی معاونت کی جائے گی جب کہ کاشت کاروں کو 4 ہزار روپے فی ایکڑ مالی امداد بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے تھرپارکر اور عمرکوٹ کو آفت زدہ قرار دینے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت متاثرہ خاندانوں کو 8 ہزار روپے فراہم کرنے کا اقدام بھی خوش آئند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کا یہی طریقہ کار ہے کہ معاشی بحران کے دوران عوام کی مدد کی جائے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی کراچی میں گندم کے کاشت کاروں کے لیے سندھ حکومت کے 17 ارب روپے کے “سندھ ویٹ گروورز سپورٹ پروگرام 2026” کی افتتاحی تقریب میں شرکت
@BBhuttoZardari https://t.co/IfmkY1yQpZ— PPP (@MediaCellPPP) November 20, 2026
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کی اولین ترجیح عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے اور عوام کو علاج معالجے کی مفت سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ پوری دنیا میں حکومتیں عوام کو ریلیف دینے کے لیے منصوبہ بندی کر رہی ہیں، ایسے حالات میں پاکستان میں بھی یہ سوچنا ہوگا کہ عوام کو کس طرح ریلیف فراہم کیا جا سکتا ہے۔ ملک میں مہنگائی، بے روزگاری اور غربت ہے جب کہ عوام ڈیزل، بجلی اور گیس کے بلوں کی صورت میں بھی معاشی بوجھ برداشت کر رہے ہیں۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیاست دانوں اور حکمرانوں نے عوامی مسائل اور ان کی تکالیف پر توجہ دینا چھوڑ دی ہے حالانکہ سب جانتے ہیں کہ عوام کو کن مشکلات کا سامنا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ان کی جماعت نے ہمیشہ چھوٹے کاشت کاروں اور ہاریوں کی نمائندگی کی ہے اور مشکل وقت میں زرعی شعبے کی مدد کرنا پیپلزپارٹی کی ترجیح رہی ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہمارے سامنے اب تک خطے میں امن کا کوئی معاہدہ نظر نہیں آیا اور جنگ کے خاتمے تک عوام کو مشکلات کا سامنا رہے گا، موجودہ حالات میں خدشہ ہے کہ معاشی مشکلات مزید بڑھیں گی اور کھاد کا حصول بھی مشکل ہو جائے گا۔

