شینژین : عالمی سفارتی تاریخ کے ایک اہم اور غیر معمولی باب کا اضافہ کرتے ہوئے چینی صدر شی جن پنگ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان چین کے شہر شینژین میں ہونے والا تاریخی سہ فریقی سربراہی اجلاس اختتام پذیر ہو گیا ہے۔
چینی سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی اور روسی خبر رساں ایجنسی ’تاس‘ کے مطابق شینژین کے ’کائلن ولا‘ میں تینوں عالمی رہنماؤں کے درمیان ہونے والی یہ خصوصی ملاقات تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہی، تاہم اجلاس کے اختتام پر کسی بھی رہنما نے میڈیا سے گفتگو نہیں کی اور نہ ہی کوئی مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔
#WATCH | Shenzhen, China: Russian President Vladimir Putin, US President Donald Trump and Chinese President Xi Jinping hold trilateral talks on the sidelines of the 33rd APEC Economic Leaders’ Summit.
(Source: Russian Pool via Reuters) https://t.co/fz9XDI8GI0
— ANI (@ANI) November 19, 2026
اجلاس کے دوران چینی صدر شی جن پنگ نے اس بیٹھک کو تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا اور ’تاریخی اہمیت‘ کا حامل اجلاس قرار دیتے ہوئے کہا کہ تینوں بڑی طاقتوں کو عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے اور دنیا کے دیگر ممالک کے لیے ایک مثبت مثال قائم کرنی چاہیے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی ہم منصب کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ یہ سہ فریقی اجلاس ’واقعی تاریخ رقم کر رہا ہے‘۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تینوں رہنماؤں پر نتیجہ خیز مکالمے کو برقرار رکھنے کی خصوصی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کیونکہ مذاکرات اور رابطوں کے مواقع کو مسترد کر کے کبھی امن قائم نہیں کیا جا سکتا۔
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بھی بین الاقوامی امن کے تحفظ میں تینوں ممالک کے کلیدی کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر روس، چین اور امریکا تعمیری تعاون کریں تو عالمی استحکام کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔
اجلاس کے اختتام پر امریکی اور روسی وفود کائلن ولا سے روانہ ہو گئے۔ پریس پول رپورٹر کے مطابق امریکی صدارتی قافلہ اجلاس کے مقام سے روانہ ہو چکا ہے اور توقع ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ چند گھنٹوں میں امریکا واپس روانہ ہو جائیں گے۔ ادھر روسی سرکاری میڈیا کی جاری کردہ ویڈیوز میں چینی صدر شی جن پنگ کو روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو رخصت کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’شنہوا‘ نے صدر شی جن پنگ اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ہونے والی دوطرفہ ملاقات کی مزید تفصیلات جاری کی ہیں، جس میں دونوں فریقوں نے اس ملاقات کو مثبت اور تعمیری قرار دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ تازہ مذاکرات سے چین اور امریکا کے تعلقات میں پیش رفت ہوئی ہے اور دونوں ممالک نے ’احترام، انصاف اور باہمی برابری‘ کے اصولوں کے تحت پُرامن بقائے باہمی کا درست راستہ تلاش کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ صدر ٹرمپ کے ساتھ مل کر پاک و صاف اور مستحکم تعلقات کی سمت متعین کرتے رہنے کے خواہاں ہیں تاکہ دوطرفہ تعلقات کا یہ ’عظیم جہاز‘ درست سمت میں آگے بڑھتا رہے۔
تائیوان کے حساس معاملے پر چینی مؤقف دہراتے ہوئے کہا گیا کہ واشنگٹن کو درست طرزِ عمل جاری رکھنا چاہیے تاکہ دونوں ممالک کے تعلقات میں کسی بڑے دھچکے سے بچا جا سکے۔
مزید برآں، ملاقات میں باہمی فائدہ مند تجارت کے فروغ اور مصنوعی ذہانت (AI) کے شعبے میں سیکیورٹی خطرات سے نمٹنے سمیت اے آئی کو انسانی کنٹرول میں رکھنے کے لیے مل کر کام کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا گیا۔

