سرینگر:
مقبوضہ جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی کو ایک بار پھر بلا مقابلہ پارٹی کا صدر منتخب کر لیا گیا ۔پارٹی ذرائع کے مطابق سرینگر اور جموں سے تعلق رکھنے والے الیکٹورل کالج کے اراکین نے متفقہ طور پر ان کے نام کی حمایت کی۔ جموں کے ارکان نے آن لائن اجلاس کے ذریعے اس عمل میں حصہ لیا۔ پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیر عبدالرحمن ویری نے ان کی صدارت کی تجدید کی تجویز پیش کی جس کی تائید دوسرے سینئر رہنما محمد خورشید عالم نے کی۔واضح رہے کہ محبوبہ مفتی سال 2002 سے مسلسل اس اہم عہدے پر فائز چلی آ رہی ہیں۔ سیاسی حلقوں میں ان کے اس انتخاب کو پارٹی کے اندر ان کی مضبوط گرفت اور اتحاد کی علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

