نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے گنجان آباد علاقے چاوڑی بازار میں جمعرات کی صبح ایک دلخراش حادثے میں زیرِ تعمیر تین منزلہ عمارت اچانک زمین بوس ہو گئی۔ اس حادثے کے نتیجے میں کم از کم 2 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، جبکہ ملبے تلے کئی افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے ملبے کو ہٹانے اور دبے ہوئے افراد کو باہر نکالنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر آپریشن جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ واقعہ کے بعد علاقے میں شدید سنسنی پھیل گئی ہے اور انتظامیہ کی جانب سے صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

