سانگھڑ: رپورٹ: اشفاق سلہری
سانگھڑ میں نیشنل پریس کلب کے سنگ بنیاد رکھنے کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں صحافیوں، معزز شہریوں اور سماجی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اسٹیج سیکرٹری نے اعلان کیا کہ پروگرام میں سانگھڑ کی معروف سماجی و کاروباری شخصیت چوہدری ندیم سدھو نے خصوصی شرکت کی۔تقریب کا آغاز چوہدری ندیم سدھو کے ہاتھوں یادگاری تختی کی نقاب کشائی سے ہوا، جس کے بعد شرکاء نے تالیاں بجا کر خوشی کا اظہار کیا اور پریس کلب کی تعمیر کے لیے دعا مانگی گئی۔ صدر و اراکینِ نیشنل پریس کلب نے چوہدری ندیم سدھو کو خوش آمدید کہا، جبکہ تقریب کے بینرز پر بھی ان کے خیرمقدمی کلمات درج تھے۔تقریب کے ذمہ داران نے اپنے خطاب میں یاد دلایا کہ آج سے 13 سال قبل بھی ندیم صاحب نے اسی طرح صحافی برادری کا ساتھ دیا تھا، اور امید ظاہر کی کہ طاہر صاحب کی ٹیم کی زیرِ نگرانی یہ ہال اگلے 2 سے 3 ماہ میں تیار ہو کر افتتاح کے مراحل طے کر لے گا۔اس موقع پر چوہدری محمد ندیم سدھو نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا:"اشفاق نے میرے لیے کچھ زیادہ ہی کہہ دیا، اللہ معاف کرے۔ میرا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے، سیاست میں آنے کا بھی کوئی ارادہ نہیں ہے۔ بس اللہ سے ڈرتے ہیں، اللہ کا خوف ہے۔” صحافی معاشرے کا اہم ستون ہیں اور سچی خبروں کی ترسیل کے ذریعے عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نیشنل پریس کلب کا یہ نیا تعمیراتی منصوبہ ضلع بھر کے صحافیوں کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگا اور پریس کلب کی جلد تکمیل کے بعد یہاں صحافی مزید بہتر انداز میں اپنے فرائض انجام دے سکیں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ ہمیشہ صحافی برادری کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور پریس کلب کی تعمیر کے لیے اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔تقریب کے اختتام پر تمام شرکاء نے گروپ فوٹو بنوایا اور پریس کلب کی کامیابی اور ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔


