سیالکوٹ: سلیم احمد اعوان شیخو سے
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد کی ہدایت پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں، ناجائز اسلحہ رکھنے والوں اور قانون شکنوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ 29 اکتوبر کو مختلف تھانوں میں پولیس کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 37 مقدمات درج کیے گئے۔منشیات کے خلاف کارروائیوں میں 9 مقدمات درج کرکے 10 کلو 410 گرام چرس برآمد کی گئی۔ تھانہ نیکاپورہ پولیس نے 4، کوٹلی لوہاراں اور صدر پسرور پولیس نے 2، 2 جبکہ بیگووالہ پولیس نے ایک مقدمہ درج کیا۔ شراب کے خلاف سٹی ڈسکہ، سٹی پسرور اور بڈیانہ پولیس نے 3 مقدمات درج کرکے مجموعی طور پر 15 لیٹر شراب برآمد کی۔ناجائز اسلحہ کے خلاف حاجی پورہ، بمبانوالہ، بیگووالہ اور صدر پسرور پولیس نے ایک، ایک جبکہ پھلورہ پولیس نے 2 مقدمات درج کیے۔ ان 6 مقدمات میں 6 عدد پسٹل 30 بور اور 14 گولیاں برآمد ہوئیں۔
شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ڈالنے والے ون ویلرز کے خلاف کینٹ، صدر سیالکوٹ اور سٹی پسرور پولیس نے 3 مقدمات درج کیے۔ تیزرفتاری، بغیر لائسنس ڈرائیونگ اور خطرناک انداز میں اوورلوڈنگ کرنے پر 3 مزید مقدمات جبکہ گاڑیوں میں غیرقانونی گیس سلنڈر استعمال کرنے پر 2 مقدمات درج ہوئے۔تھانہ صدر سیالکوٹ اور اگوکی پولیس نے مسروقہ موٹر سائیکلیں قبضے میں رکھنے کے 3 مقدمات درج کرکے 3 موٹر سائیکلیں برآمد کیں۔ جبکہ جوئے پر رکشہ ریس، بغیر لائسنس پٹرول کی فروخت، مبینہ قحبہ خانے اور غیرمنظور شدہ ہاؤسنگ اسکیم میں دھوکہ دہی سے متعلق ایک، ایک مقدمہ درج کیا گیا۔ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔


