ابوظہبی:
بالی ووڈ کی مشہور و معروف اداکارہ اور گلیمرس ماڈل ملائیکہ اروڑا کی متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران سامنے آنے والی تصاویر اور ویڈیوز نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا کر دیا ہے۔ ملائیکہ اروڑا کو ابوظہبی کی دنیا بھر میں مشہور ‘شیخ زید گرینڈ مسجد’ کے دورے کے دوران سیاہ برقعے میں دیکھا گیا۔رپورٹس کے مطابق اداکارہ نے خود اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اس دورے کی ایک ویڈیو اور تصاویر شیئر کی ہیں، جس میں انہیں روایتی عبایا اور برقع پہنے ہوئے مسجد کے شاندار فنِ تعمیر اور خوبصورتی کا مشاہدہ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔اس ویڈیو کے ساتھ ملائیکہ نے اپنے تاثرات شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ "کچھ جگہیں انسان کو رک کر سوچنے پر مجبور کرتی ہیں، جبکہ کچھ جگہیں دل کو چھو لیتی ہیں؛ اس مقام نے یہ دونوں جذبات بیک وقت ابھارے ہیں۔”سوشل میڈیا پر ان کی یہ تصاویر سامنے آتے ہی وائرل ہو گئیں۔ جہاں ایک طرف مداح ان کے اس انداز کو سراہ رہے ہیں، وہیں دوسری طرف انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے اس دورے اور ان کے حلیے پر مختلف تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ اس دورے کے دوران ان کے ہمراہ کاروباری شخصیت اور یوگا پریکٹیشنر سرویش ششی بھی موجود تھے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے نئے رشتوں اور دوستی سے متعلق چہ مگوئیاں بھی زور پکڑ رہی ہیں۔

