کوئٹہ : بلوچستان کے ضلع چاغی کے اہم شہر دالبندین اور اس کے ملحقہ علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکوں نے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔
زلزلے کی آمد کے ساتھ ہی زمین شدید انداز میں ہلنے لگی، جس کے باعث لوگ سخت سراسیمگی کے عالم میں کلمہ طیبہ اور استغفار کا ورد کرتے ہوئے اپنے گھروں اور دکانوں سے باہر کھلے میدانوں کی طرف بھاگ نکلے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق دالبندین اور گردونواح میں آنے والے اس زلزلے کی شدت 5.1 ریکارڈ کی گئی ہےجو کہ ایک درمیانے درجے سے شدید نوعیت کا زلزلہ قرار دیا جا رہا ہے۔
تحقیقاتی ریکارڈ کے مطابق زلزلے کا مرکز دالبندین سے محض 15 کلومیٹر مشرق میں واقع تھا جبکہ زمین کے اندر اس کی گہرائی 53 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔ گہرائی اور مرکز کے شہر سے انتہائی قریب ہونے کی وجہ سے زلزلے کے شدید جھٹکے سیکنڈوں تک واضح طور پر محسوس کیے گئے۔

