پاکستان تحریکِ انصاف کے خیبر پختونخوا میں لانگ مارچ کا پہلا مرحلہ آج اتوار چار اکتوبر کو لکی مروت سے شروع ہوگا۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے ایکس پر مارچ کا تفصیلی شیڈول جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’مارچ کا آغاز آج یعنی اتوار کو دوپہر ایک بجے گنڈی چوک لکی مروت سے ہوگا۔
انشأللہ آج گنڈی چوک لکی مروت سے ہم لانگ مارچ کا پہلا مرحلہ شروع کریں گے-
آج بروز اتوار، 4 اکتوبر، دوپہر ایک بجے گنڈی چوک لکی مروت سے ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، ساؤتھ وزیرستان، نارتھ وزیرستان، بنوں اور لکی مروت کے اضلاع سے تعلق رکھنے والے غیور پاکستانی لانگ مارچ کا حصہ بنیں گے۔ رات کو یہ قافلہ کرک کے قریب پہنچ کر پڑاؤ کرے گا۔
5 اکتوبر دن 12 بجے کرک کے غیور عوام ہمیں جوائن کرینگے۔ وہاں سے روانگی 12:30 بجے ہوگی اور رات کو کوہاٹ کے قریب پڑاؤ کریں گے-
6 اکتوبر کو 12 بجے کوہاٹ، ہنگو، کُرم اور اورکزئی اضلاع کے پاکستانی ہمیں جوائن کریں گے۔ کوہاٹ سے پشاور کی طرف روانگی ہوگی اور پشاور متنی کے قریب رات گزاریں گے۔
7 اکتوبر کو پشاور بڈھ بیر کے مقام سے دن 12:30 بجے روانگی ہوگی۔ بڈھ بیر کے مقام پر ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے پاکستانی ہمارے ساتھ شامل ہوں گے۔ پشاور کے باقی حلقے کوہاٹ روڈ پل اور موٹروے ٹول پلازا پر ہمیں جوائن کریں گے۔ اور رات ہم چارسدہ انٹرچینج کے قریب گزاریں گے۔
8 اکتوبر کو 12:30 بجے چارسدہ انٹرچینج سے روانگی ہوگی۔ وہاں ضلع چارسدہ اور مہمند ہمارے ساتھ شامل ہوں گے۔
پورے خیبر پختونخوا کے لوگ 8 اکتوبر کو خیر آباد کے مقام پر اکٹھے ہونگے اور وہاں رات گزاریں گے۔ انشأللہ آگے کا لائحہ عمل وہاں پر دیا جائیگا۔
— Sohail Afridi (@SohailAfridiISF) October 3, 2026
سہیل آفریدی کے مطابق ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، جنوبی وزیرستان، شمالی وزیرستان، بنوں اور لکی مروت سے تعلق رکھنے والے افراد مارچ میں شامل ہوں گے اور قافلہ رات کو کرک کے قریب قیام کرے گا۔
ان کے مطابق پانچ اکتوبر کو دوپہر 12 بجے کرک کے مقامی افراد مارچ میں شامل ہوں گے، جس کے بعد قافلہ ساڑھے 12 بجے روانہ ہوگا اور رات کو کوہاٹ کے قریب قیام کرے گا۔
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا نے ایک پر اس لانگ مارچ کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ ’چھ اکتوبر کو دوپہر 12 بجے کوہاٹ، ہنگو، کرم اور اورکزئی کے اضلاع سے تعلق رکھنے والے افراد مارچ میں شامل ہوں گے۔ قافلہ کوہاٹ سے پشاور کی جانب روانہ ہوگا اور رات متنی کے قریب گزارے گا۔‘
پھر انھوں نے بتایا کہ سات اکتوبر کو دوپہر ساڑھے 12 بجے پشاور کے علاقے بڈھ بیر سے مارچ دوبارہ روانہ ہوگا۔ اس موقع پر ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے افراد بھی قافلے میں شامل ہوں گے، جبکہ پشاور کے دیگر علاقوں سے لوگ کوہاٹ روڈ پل اور موٹروے ٹول پلازہ کے مقامات پر مارچ کا حصہ بنیں گے۔ اس رات قافلہ چارسدہ انٹرچینج کے قریب قیام کرے گا۔‘
سہیل آفریدی کے مطابق آٹھ اکتوبر کو دوپہر ساڑھے 12 بجے چارسدہ انٹرچینج سے روانگی ہوگی اور چارسدہ اور مہمند کے اضلاع سے تعلق رکھنے والے افراد قافلے میں شامل ہوں گے۔
انھوں نے کہا کہ ’آٹھ اکتوبر کو خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں سے آنے والے لوگ خیرآباد کے مقام پر جمع ہوں گے اور رات وہیں قیام کریں گے۔‘ ان کے مطابق لانگ مارچ کے اگلے مرحلے کا لائحۂ عمل خیرآباد میں ہی بتایا جائے گا۔

