راولپنڈی :سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف مختلف کارروائیوں کے دوران 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ ٹانک میں پٹوارخانے کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔ شمالی وزیرستان اور سوراب میں کارروائیوں کے دوران اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ٹانک میں دہشتگردوں نے پٹوارخانے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔ کارروائی کے دوران خودکش حملہ آور راستے میں ہی دھماکا خیز مواد پھٹنے سے ہلاک ہوگیا۔
خودکش دھماکے کے نتیجے میں قریبی دو گھروں کو نقصان پہنچا جبکہ بعض دیواریں منہدم ہوگئیں۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔
شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 3 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ کارروائی کے بعد دہشتگردوں کے ٹھکانے تباہ کردیے گئے جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
دوسری جانب بلوچستان کے علاقے سوراب میں بھی سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشتگرد کو ہلاک کردیا۔ کارروائی کے دوران دہشتگرد سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہونے کی اطلاعات ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں ہونے والی کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 5 دہشتگرد ہلاک ہوئے، جبکہ دہشتگردوں کے ٹھکانوں اور حملوں کے منصوبوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
صدر مملکت نے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کی مہارت اور بہادری قابلِ فخر ہے۔
صدر مملکت نے دہشتگردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو بھی سراہا اور ملک کے دفاع کے لیے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
خیبر پختونخوا ، بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی فتنہ الخوارج کیخلاف کارروائیاں، پانچ دہشت گرد مارے گئے

