مٹیاری (رپورٹ: عامر علی انڑ)
مٹیاری کی تحصیل ہالا میں جٹ ناکہ کے قریب معمولی بات پر ملزم نے مبینہ طور پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ایک راہگیر سمیت دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔ ملزم واردات کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق جٹ ناکہ پر معمولی تلخ کلامی کے بعد ملزم عمران کاکا نے مبینہ طور پر پستول سے فائرنگ کر دی، جس کی زد میں آ کر نوجوان حیدر کمان اور راہگیر رحیم ڈنو ساند شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر تعلقہ اسپتال ہالا پہنچایا گیا، جہاں سے ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں تشویشناک حالت کے باعث سول اسپتال حیدرآباد ریفر کر دیا گیا۔
اسپتال میں گفتگو کرتے ہوئے زخمی حیدر کمان نے بتایا:
"ہماری کوئی غلطی نہیں تھی، معمولی بات پر لڑائی ہوئی اور ملزم عمران کاکا نے اچانک پستول سے فائرنگ کر کے ہمیں زخمی کر دیا۔ ہم اعلیٰ حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ملزم کو فوری گرفتار کر کے سخت سے سخت سزا دی جائے-"
واقعے کے بعد پولیس نے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔


