مٹیاری (رپورٹ: عامر علی انڑ)
مٹیاری کی تحصیل ہالا کے قریب چودگی اسٹاپ کے مقام پر تیز رفتار کار اور موٹر سائیکل کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار دو نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ کار ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر موقع سے فرار ہو گیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور ہالا پولیس موقع پر پہنچ گئی اور دونوں جاں بحق نوجوانوں کی لاشوں کو تعلقہ ہسپتال ہالا منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی شناخت 32 سالہ عاصم علی ولد محرم کنبھار اور 25 سالہ نوید ولد عبدالحکیم کنبھار (ساکنان ملدسی) کے نام سے ہوئی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ کار کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ پولیس نے حادثے میں ملوث کار کو اپنی تحویل میں لے کر واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ضروری قانونی کارروائی کے بعد دونوں نوجوانوں کی لاشیں ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔ لاشیں گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا اور پورے علاقے کی فضا سوگوار ہو گئی۔


