واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ ان کے بیٹے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر روسی نژاد کاروباری شخصیت عمر کریملیف کو وہ رقم واپس کر رہے ہیں جو انہوں نے مئی میں بہاماس میں ہونے والی شادی کی تقریبات پر خرچ کی تھی۔
رواں ہفتے امریکی کانگریس میں ڈیموکریٹس کی جانب سے اس معاملے پر باضابطہ تحقیقات کا آغاز کیا گیا ہے، جب معروف جریدے ’پروپبلیکا‘ (ProPublica) نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ انٹرنیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن (IBA) کے صدر اور روسی حکومت سے قریبی تعلقات رکھنے والے عمر کریملیف نے ٹرمپ جونیئر کی شادی کی تقریبات کے لیے لاکھوں ڈالر ادا کیے تھے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے اس رپورٹ کے حوالے سے اپنے بیٹے سے پوچھا تو ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر نے دوٹوک الفاظ میں کہا، "نہیں پاپا، میں یہ رقم واپس کر رہا ہوں۔” صدر نے مزید کہا کہ یہ کچھ عرصہ پہلے کا معاملہ ہے اور انہیں معلوم ہوا ہے کہ ان کا بیٹا رقوم واپس چکا رہا ہے۔ قبل ازیں، ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر کی اہلیہ بیٹینا ٹرمپ نے بھی سوشل میڈیا پر ایک بیان میں اعتراف کیا تھا کہ عمر کریملیف نے شادی کی اصل تقریب نہیں بلکہ اس کے بعد ہونے والی دو تقریبات کے اخراجات اٹھائے تھے جسے انہوں نے ایک "دوستانہ تحفہ” قرار دیا تھا۔ تاہم، اس انکشاف کے بعد واشنگٹن کے سیاسی حلقوں میں گرما گرم بحث شروع ہو گئی ہے اور ڈیموکریٹک رہنما اس بات کی تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں کہ اس مالی اعانت کے پیچھے کیا مقاصد تھے۔
میرا بیٹا روسی ارب پتی کی جانب سے کی گئی شادی کے اخراجات کی رقم واپس کر دے گا، صدر ٹرمپ

