سیالکوٹ۔سلیم احمد اعوان شیخو
راہزنی کی جھوٹی اطلاع دے کر پولیس کو گمراہ کرنے والے سیلز مین کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔بتایا گیا ہے کہ تھانہ سمبڑیال کے علاقہ بلگن کے رہائشی صبور احمد نے پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی کہ بیگووالہ روڈ پر دو مسلح راہزن اس سے ڈیڑھ لاکھ روپے نقدی، موبائل فون، عینک اور دیگر سامان چھین کر فرار ہوگئے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ سمبڑیال انسپکٹر عبدالرزاق پولیس ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچے جبکہ ابتدائی جانچ پڑتال کے دوران حالات اور اطلاع دہندہ صبور احمد کے بیانات مشکوک پائے گئے جبکہ پولیس کے روایتی طریقہ کے پوچھنے پر صبور احمد نے اعتراف کیا کہ اس نے مالکان کی رقم ہڑپ کرنے کے لئے اپنے دوست عبداللّٰہ کے ساتھ مل کر راہزنی کا جھوٹا منصوبہ بنایا تھا۔ اس نے نقدی اور دیگر اشیاء عبداللّہ کے حوالے کرنے کے بعد پولیس ایمر جنسی ہیلپ لائن 15 پر جھوٹی اطلاع دی تاکہ پولیس مبینہ راہزنوں کی تلاش میں مصروف رہے۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈیڑھ لاکھ روپے نقدی، موبائل فون، عینک اور دیگر اشیاء برآمد کرکے پولیس کو گمراہ کرنے اور ایمرجنسی ہیلپ لائن پر جھوٹی اطلاع دینے کے الزام میں صبور احمد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد کا کہنا ہے کہ ایمر جنسی ہیلپ لائن 15 شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے قائم ایمرجنسی ہیلپ لائن ہے۔ اس پر دی جانے والی جھوٹی اطلاع کسی حقیقی مصیبت زدہ شہری تک بروقت پولیس امداد پہنچنے میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔ جھوٹی اطلاع دینے والا نہ صرف پولیس کے وسائل اور وقت کا ضیاع کرتا ہے بلکہ اسے قانونی کارروائی کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔


