تل ابیب / غزہ:اسرائیلی ڈیفنس فورسز (IDF) اور شن بیٹ کے مشترکہ آپریشنز کے دوران جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب غزہ کے علاقے خان یونس میں کیے گئے فضائی حملے میں حماس کے خان یونس بریگیڈ کے کمانڈر محمد یزوری شہید ہو گئے ۔
یروشلم پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق، یہ حملہ خان یونس کے شمال میں واقع حمد محلے میں ایک گاڑی کو نشانہ بنا کر کیا گیا، جس کے نتیجے میں قریبی رہائشی عمارت کی پہلی منزل پر بھی آگ لگ گئی۔ اس کارروائی میں کمانڈر محمد یزوری کے علاوہ کمپنی کمانڈر حذیفہ معمر اور ایک اور حماس رکن محمد بہجت راشی بھی شہید ہو گئے۔ شہید کمانڈر یزوری اس سے قبل بریگیڈ کے ڈپٹی کمانڈر، کامبیٹ سپورٹ بٹالین کے کمانڈر اور انٹیلی جنس ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ کے طور پر بھی فرائض انجام دے چکے ہیں۔
ایک الگ کارروائی میں، اسرائیلی سیکیورٹی ایجنسیز (IDF، شن بیٹ اور پولیس) نے تصدیق کی ہے کہ بدھ کے روز غزہ کے وسطی حصے میں کیے گئے ایک اور فضائی حملے میں حماس کے دیرینہ کارکن فرح حامد کو بھی شہیدکر دیا گیا ہے۔ فرح حامد 2002 کے ریمونیم جنکشن پر ہونے والے اس ہلاکت خیز فائرنگ کے واقعے میں ملوث تھا جس میں ایک اسرائیلی شہری استھر گالیہ عطیہ ماری گئی تھی۔
غزہ:اسرائیلی ڈرون حملے میں حماس کے خان یونس بریگیڈ کے کمانڈر محمد یزوری سمیت 4 شہید

