بغداد: عراق کے شہر نجف میں سیکیورٹی اور انٹیلی جنس ٹیموں نے ایک کارروائی کرتے ہوئے ایسے قصائی کو گرفتار کر لیا ہے جو جنگلی سور کا شکار کر کے اس کا گوشت عام حلال قیمے کے طور پر شہریوں کو بیچ رہا تھا۔
حکام کے مطابق یہ گھناؤنا کاروبار نجف گورنری کے کوفہ ضلع اور میسان محلے میں چلایا جا رہا تھا، جہاں ملزم قریبی کھلے علاقوں اور باغات سے جنگلی سوروں کا شکار کرتا تھا اور پھر اپنے پک اپ ٹرک میں لاد کر اسے پروسیسنگ کے لیے لے جاتا تھا۔
View this post on Instagram
انٹیلی جنس ٹیموں نے ملزم کو گوشت کی منتقلی کے دوران رنگے ہاتھوں دبوچ لیا۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم جنگلی سور کے گوشت کا قیمہ بنا کر اسے گائے اور بکرے کے حلال قیمے کے طور پر صارفین کو فروخت کرتا رہا ہے۔
پولیس نے موقع سے ضبط شدہ گوشت کو انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر اور ناقابلِ استعمال قرار دے دیا ہے، جبکہ ملزم کو حراست میں لے کر اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سنسنی خیز انکشاف کے بعد مقامی شہریوں میں شدید تشویش اور غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔

