خوشاب(راجہ نورالہی عاطف سے)
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) خوشاب خرم حمید کی زیرِ صدارت اسسٹنٹ کمشنر آفس نورپور تھل میں ریونیو فیلڈ سٹاف کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر نورپور تھل شازیہ رحمان، تحصیلداران اور دیگر ریونیو افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ریونیو سے متعلق امور، فیلڈ میں جاری سرگرمیوں اور عوام کو ریونیو سے متعلق سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر افسران اور فیلڈ سٹاف نے اپنے متعلقہ امور سے اجلاس کو آگاہ کیا۔
اے ڈی سی ریونیو نے ریونیو افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل کو ترجیح دی جائے، ریونیو امور کو مقررہ مدت کے اندر نمٹایا جائے اور سرکاری ریکارڈ کو مکمل طور پر درست اور اپ ڈیٹ رکھا جائے۔ انہوں نے فیلڈ سٹاف پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیتے ہوئے شہریوں کو بروقت ریلیف کی فراہمی یقینی بنائیں۔


