مبین احمدکے خلاف قتل، اقدامِ قتل، فائرنگ، ڈکیتی،راہزنی اور چوری سمیت مختلف جرائم کے 60 مقدمات درج تھے
سیالکوٹ۔سلیم احمد اعوان شیخو
محنت کش کو دوران راہزنی مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے قتل کرنے والا راہزن مارا گیا۔بتایا گیا ہے تھانہ کینٹ کے علاقہ میں جنوری 2025ء میں گاڑی شاہ زور پر سوار محنت کش کو دورانِ راہزنی مزاحمت کرنے پر فائرنگ کرکے قتل کرنے والا قاتل مبین احمد بشارت سی سی ڈی پولیس کے ساتھ مقابلے میں اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔سی سی ڈی پولیس کے مطابق مذکورہ قاتل سنگین نوعیت کی وارداتوں میں ملوث تھا اور اس کے خلاف قتل، اقدامِ قتل، فائرنگ، ڈکیتی،راہزنی اور چوری سمیت مختلف جرائم کے مقدمات درج تھے۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق وہ قتل کے تین مقدمات سمیت 60 سے زائد مقدمات میں ملوث رہا۔ہتہ چلا ہے کہ قاتل مبین احمد بعض افراد کے کہنے اور ایماء پر قبضہ گیری اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں بھی ملوث تھا جن کے کردار کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔سی سی ڈی پولیس نے واقعہ میں ملوث دیگر افراد اور سرپرستوں کی تلاش شروع کردی ہے، جبکہ ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

