خصوصی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے اشتہاری ملزم جاوید عرف جیدا بٹ اور مبین ولد بشارت کو دبئی سے گرفتار کیا
پسرور خصوصی کرائم رپورٹ محمد اشفاق
گوجرانوالہ میں سپیشل آپریشنز سیل سی آئی ڈی کی خصوصی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے قتل کے 2 اشتہاری ملزمان کو دبئی سے انٹرپول کے ذریعے گرفتار کر لیا۔ سی آئی ڈی ترجمان کے مطابق سی ڈی سہیل ظفر چھٹھہ کی ہدایت پر خالد نواز اوریاء کی قیادت میں خصوصی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے اشتہاری ملزم جاوید عرف جیدا بٹ اور مبین ولد بشارت کو دبئی سے گرفتار کیا۔
پولیس کے مطابق تھانہ بمبانوالہ، سیالکوٹ کے علاقے میں 2021ء میں پولنگ اسٹیشن موضع گوہند پر ووٹ کاسٹ کرنے آئے ذیشان شوکت اور ساجد کے ساتھ ملزم جاوید عرف جیدا بٹ کی تلخ کلامی ہوئی۔ ملزم نے فائرنگ کر کے ذیشان شوکت کو قتل جبکہ ماجد کو زخمی کر دیا تھا، جس کے بعد وہ بیرون ملک فرار ہو گیا۔
دوسری کارروائی میں اسی تھانے کے ایک مقدمہ قتل میں مطلوب ملزم مبین کو بھی گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے اسلحہ کے زور پر ندیم احمد کو روکنے کی کوشش کی، گاڑی نہ روکنے پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ندیم احمد جاں بحق ہو گیا تھا۔ واقعے کے بعد ملزم بیرون ملک فرار ہو گیا تھا۔
سی آئی ڈی کے مطابق دونوں ملزمان کو تقریباً پانچ سال بعد دبئی سے گرفتار کرکے پاکستان واپس لایا گیا ہے، جبکہ ملزمان سے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے


