مٹیاری رپورٹ عامر علی انڑ
مٹیاری کی تعصیل ہالا میں جماعت اسلامی کی جانب سے لیوی بھتہ ٹیکس کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی جماعت اسلامی کے دفتر سے شروع ہو کر اللہ والا چوک تک پہنچی، جہاں کارکنان اور مظاہرین نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ٹیکس کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ریلی کی قیادت جماعت اسلامی ضلع مٹیاری کے امیر فقیر محمد لاکھو، ایاز احمد، نور محمد، مولانا محمد احسن بھٹو اور دیگر رہنماؤں نے کی، جبکہ جماعت اسلامی کے کارکنان اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی مشکلات کا شکار ہیں، ایسے میں عوام پر مزید لیوی بھتہ ٹیکس عائد کرنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام پر عائد کیا گیا یہ ٹیکس فوری طور پر ختم کیا جائے اور انہیں ریلیف فراہم کیا جائے۔جماعت اسلامی کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ روزانہ محنت مزدوری کرکے معمولی آمدنی حاصل کرنے والا مزدور اپنے گھر کے اخراجات پورے کرے یا اضافی ٹیکس ادا کرے؟ انہوں نے کہا کہ حکومت کو عوام کی مشکلات کم کرنے کے بجائے ان پر مزید بوجھ ڈالنے سے گریز کرنا چاہیے۔مظاہرین نے اعلان کیا کہ اگر لیوی بھتہ ٹیکس واپس نہ لیا گیا تو ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور عوام کے حقوق کے لیے بھرپور آواز اٹھائی جائے گی۔

