سیالکوٹ ۔سلیم احمد اعوان شیخو
جائیداد کا جعلی انتقال کروانے اور موروثی جائیداد ہتھیانے والے اشتہاری قرار دئیے جانے والے شخص کو محکمہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی ٹیم نے گرفتار کر لیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ محکمہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سیالکوٹ کی ٹیم نے کرپشن جعلسازی اور مبینہ طور پر ریونیو ریکارڈ میں ردوبدل کرنے کے الزام میں مطلوب اشتہاری شخص خالد محمود ولد اللہ دتہ کو گرفتار کر لیا۔معلوم ہوا ہے کہ گرفتار ہونے والے مذکورہ شخص خالد کے خلاف تھانہ سول لائن میں جعلسازی اور ریونیو ریکارڈ میں ردوبدل کرنے کے الزام میں مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے اور وہ اس مقدمہ میں گرفتار نہ ہوسکا اور اس کو اشتہاری قرار دے دیا گیا تو مذکورہ ٹیم نے مخبری ہونے پر اس کو گرفتار کر لیا۔اس بات کا بھی علم ہوا ہے کہ خالد نے محکمہ مال کے بعض ملازمین کے ساتھ مل کر جعلسازی اور ریکارڈ میں ردود بدل کیا جبکہ خالد نے جعلی انتقال کے ذریعے اپنے بڑے بھائی اور دیگر قانونی ورثاء کو ان کے جائز حقِ وراثت اور موروثی جائیداد سے محروم کرنے کی کوشش کی۔

