دیر بالا(بیورو چیف ریاض ابوالخیل)
موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور علاقائی امن و امان کے پیش نظر تحصیل لرجم واڑی میں امن جرگہ منعقد ہوا۔ جرگے میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دیر بالا اسلم نواز، ایس ڈی پی او سرکل واڑی فخر عالم خان، میڈیا نمائندگان، تحصیل لرجم اور سرکل واڑی کے معزز مشران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔جرگے میں ضلع کی امن و امان کی صورتحال، عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے باہمی تعاون اور امن کے مزید استحکام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دیر بالا میں پائیدار امن کے لیے عوام اور سیکیورٹی فورسز کا باہمی اعتماد اور تعاون ناگزیر ہے۔علاقہ مشران نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششیں ہر سطح پر جاری رہیں گی۔

