راولپنڈی:راولپنڈی کی ایک مصروف شاہراہ پر کرائے کے تنازع پر غیر ملکی خاتون اور ٹیکسی ڈرائیور کے درمیان ہونے والے شدید جھگڑے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سڑک کے بیچوں بیچ دونوں کے درمیان ہاتھ پائی اور زبردست گرما گرمی جاری ہے، جسے دیکھ کر راہگیر بھی دنگ رہ گئے۔
موقع پر موجود شہریوں نے جب بیچ بچاؤ کرواتے ہوئے ٹیکسی ڈرائیور سے جھگڑے کی اصل وجہ پوچھی تو اس نے انکشاف کیا کہ غیر ملکی خاتون سفر کرنے کے باوجود ٹیکسی کا 700 روپے کرایہ دینے سے انکاری ہے، جس پر یہ سارا تماشا لگا۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے وہاں موجود شہریوں نے خود ہی بیچ میں پڑ کر ٹیکسی ڈرائیور کو کرائے کے پیسے دینے کی یقین دہانی کروائی، جس کے بعد بڑی مشکل سے معاملہ رفع دفع اور لڑائی ختم کروائی گئی۔

