لاہور:سیشن کورٹ لاہور نے اداکارہ مومنہ اقبال کو مبینہ ہراساں کرنے کے مقدمے میں ایم پی اے ثاقب چدھڑ اور اہلیہ کو شاملِ تفتیش ہونے کا حکم دیدیا۔
لاہورکی سیشن عدالت میں اداکارہ مومنہ اقبال کومبینہ طورپرہراساں کرنے اورجان سےمارنے کی دھمکیاں دینے کے مقدمے میں ایم پی اے ثاقب چدھڑ اور انکی اہلیہ کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔
ایڈیشنل سیشن جج نصرت علی صدیقی نے کیس کی سماعت کی، جس دوران ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ عبوری ضمانت کی مدت ختم ہونے پر عدالت میں پیش ہوئے۔
دورانِ سماعت عدالت نے دونوں ملزمان کو تفتیش میں شامل ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی سے آئندہ سماعت پر تفتیشی رپورٹ طلب کر لی۔
عدالت نے ملزمان کی عبوری ضمانت میں 13 جولائی تک توسیع کرتے ہوئے مزید کارروائی آئندہ سماعت تک ملتوی کر دی۔
مومنہ اقبال ہراسانی کیس، ثاقب چدھڑ اور اہلیہ کو شامل تفتیش ہونے کا حکم

