بلوچستان رحمت اللہ بلوچ بیوروچیف بے نقاب نیوز نیٹورک)
قمبرانی روڈ کوئٹہ پر اسلحے کے زور پر شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے تین مسلح ڈاکوؤں کے خلاف کیچی بیگ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دو زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔ کارروائی کے دوران ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگیاپولیس ذرائع کے مطابق مسلح ڈاکو قمبرانی روڈ پر شہریوں سےگن پوائنٹ پر لوٹ مار کررہے تھے۔ اطلاع ملنے پر ایس ایچ او کیچی بیگ مجاہد ملغانی کی قیادت میں پولیس ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی۔ پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے بھی مؤثر جوابی کارروائی کی۔فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں ایک ڈاکو موقع پر ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کے دو ساتھی زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔ زخمی ڈاکوؤں کو طبی امداد کے لیے سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں پولیس کی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔ کارروائی کے دوران زخمی ہونے والے پولیس اہلکار کو بھی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔پولیس نے ملزمان کے قبضے سے شہریوں سے چھینے گئے متعدد موبائل فون بھی برآمد کر لیے ہیں، جنہیں قانونی کارروائی کے بعد اصل مالکان کے حوالے کیا جائے گا۔پولیس کے مطابق قمبرانی روڈ کا علاقہ ماضی میں بھی اس نوعیت کی وارداتوں کے باعث حساس رہا ہے، تاہم کیچی بیگ پولیس کی بروقت کارروائی کے باعث شہریوں کو لوٹ مار سے بچا لیا گیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

