پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دو روز کے دوران بارشوں اور طوفان سے ہونے والی تباہی کے نتیجے میں کم ازکم 11 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
سب سے زیادہ صوبہ خیبر پختونخوا متاثر ہوا ہے جہاں گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران تیز بارش، آندھی اور فلیش فلڈز کے باعث گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے سات افراد ہلاک اور 19 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں دو مرد، چار بچے اور ایک خاتون شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق تیز بارشوں اور فلیش فلڈز کے باعث مجموعی طور پر 38 گھروں کو نقصان پہنچا جس میں 36 گھروں کو جزوی جبکہ دو گھر مکمل طور پر منہدم ہو گئے۔
پنجاب میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش اور آندھی سے دیواریں اور چھتیں گرنے سے دو افراد ہلاک اور نو زخمی ہوئے ہیں۔
ترجمان ریسکیو 1122 پنجاب کے مطابق اٹک میں تیز آندھی اور بارش کے باعث دیوار گرنے سے دو افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق خوشاب میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا جبکہ سرگودھا میں تیز آندھی اور بارش کے باعث سائن بورڈ گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا۔
بلوچستان کے ضلع ژوب میں بارشوں کے باعث ایک ہی خاندان کے دو افراد ہلاک اور تین زخمی ہو گئے۔ سرکاری حکام کے مطابق یہ واقعہ شہر کی نئی آبادی والے علاقے اکاخیل میں پیش آیا۔
ژوب شہر اور اس کے نواحی علاقوں میں طوفانی بارشیں ہوئیں جس کے نتیجے میں اس علاقے میں واقع مکان کے ایک کمرے کی چھت گر گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے میں خاندان کی ایک خاتون اور دو بچے زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے ژوب منتقل کردیا گیا۔
مختلف شہروں میں 48 گھنٹوں کے دوران تیز آندھی، بارش اور طوفان کے باعث تباہی، 11 افراد ہلاک

