مصر نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں نیوزی لینڈ کو تین ایک سے شکست دے کر ایک اہم سنگ میل حاصل کیا۔ 92 سال 25 دن پہلے ڈیبیو کرنے کے بعد یہ مصر کی پہلی ورلڈ کپ جیت ہے۔
نیوزی لینڈ نے میچ کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا، 15ویں منٹ میں فن سورمن نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلادی۔ یہ پہلا موقع تھا جب مصری ٹیم فیفا ورلڈ کپ کے کسی میچ میں ہاف ٹائم میں پیچھے رہی۔تاہم مصر نے دوسرے ہاف میں زبردست واپسی کرتے ہوئے 58ویں، 67ویں اور 82ویں منٹ میں تین گول کر کے میچ کا رخ موڑ دیا۔ یہ گول مصطفی زیکو، محمد صلاح اور ٹریزیگُیٹ نے کئے۔
Day 11 at @FIFAWorldCup 2026 ✅ pic.twitter.com/XWdfwNBVAl
— FIFA (@FIFAcom) June 22, 2026
یہ میچ ٹیم کے اسٹار کھلاڑی محمد صلاح کے لیے اتنا ہی یادگار تھا جتنا مصر کے لیے۔ انھوں نے نہ صرف ایک گول کے ذریعہ نیوزی لینڈ کے خلاف فتح کو یقینی بنانے میں مدد کی، بلکہ وہ اس بڑے ٹورنامنٹ کے دو ایڈیشنز میں گول کرنے والے پہلے مصری کھلاڑی بھی بن گئے۔ انہوں نے اس سے قبل 2018 ورلڈ کپ میں گول کیا تھا۔
اس کے علاوہ، محمد صلاح 34 سال اور 6 دن کی عمر میں گول کرنے والے مصر کے معمر ترین کھلاڑی بن گئے۔ انہوں نے میگڈی عبدالغنی کا ریکارڈ توڑ دیا جنہوں نے 1990 میں ہالینڈ کے خلاف گول کرتے ہوئے 30 سال اور 320 دن کی عمر میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔
What a night for Egypt! Their first-ever FIFA World Cup victory 🏆 pic.twitter.com/wFcffOKmL8
— FIFA (@FIFAcom) June 22, 2026
یادرہے مصر نے اپنا پہلا ورلڈ کپ 1934 میں کھیلا تھا۔ اگرچہ اس نے اس کے بعد 1990 اور 2018 میں حصہ لیا، لیکن اس نے اپنی پہلی فتح صرف 2026 میں ہی حاصل کی۔ اس جیت سے قبل مصر نے سات میچ کھیلے تھے جن میں جیت صفر، دو ڈرا اور پانچ میں شکست ریکارڈ کی تھی، جبکہ مجموعی طور پر پانچ گول اسکور کیے تھے۔
مصر کے کپتان محمد صلاح نے اپنے ملک کی پہلی تاریخی ورلڈ کپ میں جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی کو ملک کی فٹ بال کی تاریخ کی سب سے بڑی جیت کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
میچ کے بعد صلاح نے کہا، "یہ ناقابل یقین ہے، میں نہیں جانتا کہ اسے الفاظ میں کیسے بیان کروں۔ یہ تمام کھلاڑیوں اور عملے کے لیے ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔ امید ہے کہ ہم گروپ میں ترقی کرتے رہیں گے، تاریخ رقم کریں گے اور کوالیفائی کریں گے؛ آنے والے سالوں میں، اسے مصری فٹ بال کی تاریخ کی سب سے بڑی کامیابیوں میں سے ایک کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔”
‘پلیئر آف دی میچ’ کا ایوارڈ حاصل کرنے پر، صلاح نے کہا کہ وہ اور ان کے ساتھی مصری شائقین کے لیے خوشی لانے کے لیے پرعزم ہیں اور ورلڈ کپ میں ہر ممکن حد تک آگے بڑھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اپنی بات کا اختتام کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت گروپ میں سرفہرست ہیں لیکن اگلا میچ انتہائی اہم ہے، ہم آج جشن منائیں گے اور پھر کل سے شروع ہونے والے تیسرے راؤنڈ میں ایران کے خلاف میچ کی تیاریاں شروع کریں گے۔
فیفا ورلڈ کپ 2026: گیارہویں دن کے نتائج
اسپین نے سعودی عرب کو چار صفر سے شکست دی
یوراگوئے بمقابلہ کیپ وردے کا مقابلہ 2-2 سے برابر رہا
بیلجیئم بمقابلہ ایران کا مقابلہ 0-0 سے برابر رہا
مصر نے نیوزی لینڈ کو تین ایک سے شکست دی
ارجنٹائن بمقابلہ آسٹریا (آج رات 10:30 بجے)

