اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہبازشریف اور سعودی ولی عہد اوروزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شہزادہ محمد بن سلمان کو تاریخی اسلام آباد امن معاہدے پر دستخط کیے جانے پرمبارکباد پیش کی۔
گرمجوش اور خوشگوار ماحول میں ہونے والی گفتگو میں وزیراعظم نے امن کاوشوں کے لیے ولی عہد کے ثابت قدم رہنے اورمسلسل تعاون پر شکریہ کا اظہار کیا اور اس بحران کے دوران سعودی قیادت کی دانشمندی اوربصیرت پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے معاہدے پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کو مبارکباد دی اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر امن معاہدے کے کامیابی کے لیے کاوشوں کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان ملاقات کا اگلہ مرحلہ آسانی سے آگے بڑھے اور مسائل سفارتکاری کے ذریعے حل ہوں۔ اس حوالے سےمذاکراتی عمل کو ناکام بنانے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دونوں فریق ولی عہد کی سرپرستی میں جامع اقتصادی پیکیج کو حتمی شکل دے کر اس پر دستخط کرنے کے لیے تیار ہیں ۔وزیراعظم نے ولی عہد محمد بن سلمان کو سرکاری دورۂ پاکستان کی دعوت کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے خام حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
تاریخی اسلام آباد امن معاہدے پر دستخط، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا وزیراعظم شہبازشریف کو مبارک باد کا فون

