اتر پردیش کے وارانسی میں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے شہر کے اندر گوشت و مچھلی کی دکانوں پر پابندی لگنے اور شہر سے باہر منتقل کرنے کے حکم سے ہلچل مچی ہوئی ہے۔ اس حکم کو گوشت تاجر ناانصافی پر مبنی بتا رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کئی نسلوں سے کیے جانے والے اس کاروبار کے علاوہ ان کے پاس کمائی کا کوئی دوسرا متبادل نہیں ہے۔ ایسے میں اگر حکومت ان کو شہر سے باہر کرتی ہے تو اس کا ان کے روزی روٹی پر برا اثر پڑے گا، جو کہ نظر بھی آنے لگا ہے۔
گوشت تاجروں نے بتایا کہ ان کے نصف سے زیادہ کسٹمر ہندو ہیں اور وہ بھی دکانوں کو شہر سے باہر منتقل کرنے کے فیصلہ سے ناراض ہیں۔ مقامی مسلمانوں نے بھی وارانسی میونسپل کارپوریشن کے فیصلہ کو غلط ٹھہرایا اور بتایا کہ بڑی گوشت کمپنیوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے اس طرح کے فیصلے لیے گئے ہیں۔ ایک دیگر نے بتایا کہ اس سے نہ صرف پولیس کا استحصال بڑھے گا، بلکہ جگہ جگہ پر چیکنگ اور گائے کے گوشت کے نام پر وصولی بھی شروع ہو جائے گی۔

