مظفرآباد: آزاد کشمیر حکومت کی جانب سے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (جے اے اے سی) کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ضلع انتظامیہ اور پولیس نے ریاست مخالف سرگرمیوں کے الزام میں کمیٹی کے مرکزی دفتر کو سیل کر دیا۔
پولیس کے مطابق دفتر کی تلاشی کے دوران ایک سب مشین گن، ایک بارہ بور رائفل اور ایک پستول برآمد کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی قانون کے مطابق عمل میں لائی گئی۔
ذرائع کے مطابق چھاپے کے وقت مرکزی دفتر کے باہر عوام کی بڑی تعداد موجود تھی، تاہم کسی قسم کا احتجاج یا نعرہ بازی دیکھنے میں نہیں آئی اور کارروائی پرامن ماحول میں مکمل کی گئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ دفتر سے اسلحے کی برآمدگی اس بات کا ثبوت ہے کہ مذکورہ گروہ نام نہاد عوامی حقوق کی آڑ میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہا تھا۔
حکام کے مطابق ریاستی رٹ کے نفاذ، قانون کی حکمرانی اور عوامی نظم و ضبط کے تحفظ کے لیے ایسی قانونی کارروائیاں ناگزیر ہیں، جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے خطے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔

