کراچی :منشیات ڈیلر انمول عرف پنکی کے خلاف شواہد کی فرانزک کے حوالے سے پیش رفت سامنے آئی ہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی کے خلاف منشیات سمیت دیگر مقدمات کی سماعت کے دوران پولیس نے ملزمہ سے متعلق ڈیجیٹل شواہد کی فرانزک جانچ کے لیے درخواست دی ہے۔
ملزمہ انمول عرف پنکی کی آواز کی فارنزک کروانے کا معاملہ
تفتیشی افسر نے جیل میں ملزمہ کی آواز کا نمونہ ریکارڈ کرنے کے لیے اجازت طلب کرلی۔۔۔
تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ دوران تفتیش ملزمہ کے متعدد وائس نوٹ ملے ہیں،ملزمہ نے دوران تفتیش وائس نوٹ کی تصدیق سے انکار کیا ہے، منشیات کے کیسز… pic.twitter.com/N5EtfX4V6t— Shahid Hussain (@ShahidHussainJM) June 6, 2026
پولیس کی جانب سے عدالت میں درخواست دائر کی گئی ہے، جس میں استدعا کی گئی ہے کہ ملزمہ کی وائس ریکارڈنگ، وائس میسجز، کال ریکارڈنگ اور دیگر ڈیجیٹل شواہد فرانزک تجزیے کے لیے پنجاب لیبارٹری بھجوانے کا حکم دیا جائے۔تفتیش کے دوران ملزمہ سے متعلق مختلف ڈیجیٹل شواہد حاصل ہوئے ہیں جن میں وائس ریکارڈنگ، وائس میسجز اور کال ریکارڈنگ شامل ہیں۔دورانِ تفتیش ملزمہ نے ان ریکارڈنگز اور میسجز کو اپنا تسلیم کرنے سے انکار کیا ہے۔ ملزمہ کا مؤقف ہے کہ وائس میسجز اور ریکارڈنگ میں موجود آواز اس کی نہیں ہے، اس لیے تمام ڈیجیٹل شواہد کو پنجاب لیبارٹری بھجوا کر فرانزک تجزیہ کرایا جانا ضروری ہے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ تمام ڈیجیٹل شواہد کی فرانزک جانچ پنجاب لیبارٹری سے کرانے کا حکم دیا جائے تاکہ سائنسی بنیادوں پر شواہد کا جائزہ لیا جا سکے۔فرانزک رپورٹ سے یہ تصدیق ہو سکے گی کہ مذکورہ وائس ریکارڈنگ، وائس میسجز اور کال ریکارڈنگ میں موجود آواز ملزمہ کی ہے یا نہیں۔

