چکوال (جلیل نقوی)
بہکڑی گاؤں، راولپنڈی روڈ کے قریب ایک مکان کے کچن کی خستہ حال کچی چھت اچانک گرنے سے 32 سالہ خاتون زخمی ہو گئی۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 چکوال نے فوری کارروائی کرتے ہوئے امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر روانہ کر دیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ مکان کی پرانی اور کمزور کچی چھت منہدم ہونے کے باعث پیش آیا۔حادثے کے بعد اہل خانہ نے اپنی مدد آپ کے تحت خاتون کو ملبے سے باہر نکال لیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر زخمی خاتون کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ خاتون کے سر پر چوٹیں آئیں تاہم خوش قسمتی سے اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔بعد ازاں ریسکیو 1122 نے زخمی خاتون کو مزید علاج معالجے کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال منتقل کر دیا۔ واقعہ کے بعد مقامی شہریوں نے خستہ حال عمارتوں کی بروقت مرمت اور حفاظتی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

