صوابی سے حق نواز خان کی رپورٹ
صوابی کے علاقے کرنل شیر کلے اسلام پورہ میں موٹر سائیکل اور ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان ہونے والے افسوسناک تصادم کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو 1122 صوابی کو اطلاع ملتے ہی میڈیکل ٹیم دو ایمبولینسز کے ہمراہ موقع پر پہنچی اور تمام زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد کالو خان ہسپتال منتقل کر دیا۔ہسپتال میں ڈاکٹرز نے دو شدید زخمیوں، 20 سالہ خاتون مسماۃ (ع) اور ان کی ایک سالہ بیٹی مسماۃ (ن)، دونوں ساکنان ترلاندی، کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی۔ حادثے میں دو دیگر شدید زخمیوں کو مزید علاج کے لیے باچا خان میڈیکل کمپلیکس شاہ منصور منتقل کر دیا گیا، جبکہ دیگر زخمیوں میں 26 سالہ اسماعیل، 40 سالہ مسماۃ (ش)، 2 سالہ مسماۃ (ح) اور 6 سالہ صفیان شامل ہیں۔ ریسکیو 1122 صوابی کے مطابق تمام متاثرین کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

