امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران کے رہبرِ اعلٰی مجتبیٰ خامنہ ای سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں، اور ممکن ہے کہ مستقبل میں اُن سے ملاقات ہو جائے، یہ سب حالات پر منحصر ہے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق ’نیویارک پوسٹ‘ کی پوڈکاسٹ میں انٹرویو کے دوران صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’میں اُن سے ملنا چاہوں گا، اور شاید ہم کسی وقت ملاقات بھی کریں، یہ اس بات پر منحصر ہے کہ معاملات کس طرح آگے بڑھتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ایران پہلے ہی اس بات پر رضامند ہے کہ وہ جوہری ہتھیار نہیں بنائے گا، اور ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ امریکا کے ساتھ مذاکرات کے عمل میں شامل ہیں۔‘
امریکی صدر نے اس حوالے سے مزید بتایا کہ ’ایرانیوں نے پہلے ہی اس بات پر اتفاق کر لیا ہے کہ وہ ایٹمی ہتھیار نہیں رکھیں گے۔‘
لبنان کے معاملے پر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے ساتھ سخت گفتگو کا اعتراف بھی کیا۔ انہوں نے کہہ کہ ’میں لبنان کے ساتھ اسرائیل کی مسلسل لڑائی سے خُوش نہیں تھا۔‘
انہوں نے واضح کیا کہ ’میں غصے میں نہیں تھا، لیکن میں اُن کی لبنان کے ساتھ مسلسل لڑائی پر کچھ پریشان ضرور تھا۔‘
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’میرے اور بنیامین نیتن یاہو کے درمیان تعلقات بہت اچھے ہیں۔‘
ایران کے رہبرِ اعلٰی مجتبیٰ خامنہ ای سے ملاقات کرنا چاہتا ہوں: صدر ٹرمپ

