جیکب آباد (رپورٹ مجیب کھوسو) جیکب آباد میں آئس جیسے مہلک اور جان لیوا نشے نے عید کی خوشیوں کو ایک اور خاندان کے لیے ماتم میں بدل دیا۔ گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول کے ہیڈ ماسٹر غلام رسول اپنے ہی گھر کے ایک کمرے میں پراسرار حالت میں مردہ پائے گئے، جبکہ کمرے سے آئس نشے کے استعمال میں آنے والا بلب اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا۔ افسوسناک واقعے نے شہر میں تیزی سے پھیلتے منشیات کے ناسور اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔متوفی کے بھائی، پولیس اہلکار راجا کے مطابق صبح غلام رسول کے کمسن بیٹے نے گھبراہٹ میں اطلاع دی کہ "بابا اٹھ نہیں رہے”۔ اطلاع ملتے ہی اہل خانہ گھر پہنچے تو کمرہ اندر سے بند تھا۔ متعدد بار آوازیں دینے کے باوجود کوئی جواب نہ ملا، جس پر دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے۔ کمرے میں غلام رسول بے ہوش حالت میں پڑے تھے جبکہ ان کے قریب آئس نشے کے استعمال کا سامان موجود تھا۔ انہیں فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔

