نواب شاہ (رپورٹ: نفیس آرائیں)
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی ایف آئی اے کرائم سرکل شہید بینظیر آباد کی انکوائری پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی اے اینٹی منی لانڈرنگ سرکل سکھر نے مرکزی ملزم غلام سرور کے خلاف منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم ایس ایس پی آفس سانگھڑ میں بطور سابق اکاؤنٹنٹ تعینات رہ چکا ہے۔ایف آئی اے حکام کے مطابق تفتیش کے دوران ملزم کے قبضے سے بھاری رقم برآمد کی گئی، جس میں 95 لاکھ پاکستانی روپے نقد اور 7,409 امریکی ڈالر شامل ہیں۔ ملزم برآمد ہونے والی خطیر رقم کا کوئی قانونی لائسنس، اجازت نامہ یا بینکنگ ریکارڈ پیش کرنے میں ناکام رہاہے۔ملزم غلام سرور پر درج ذیل سنگین الزامات عائد کئے گئے ہیں، ملزم غیر قانونی طریقہ سے رقوم کی منتقلی کا نیٹ ورک چلارہا تھا، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی اجازت کے بغیر ملکی و غیر ملکی کرنسی کا کاروبار کرنا،پولیس ڈپارٹمنٹ میں بطور اکاؤنٹنٹ تعیناتی کے دوران حاصل ہونے والے اثر و رسوخ اور سرکاری فنڈز کا مشتبہ استعمال کرنا،ایف آئی اے سکھر نے مقدمہ درج کرنے کے بعد اس غیر قانونی فارن ایکسچینج مارکیٹ کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس نیٹ ورک میں شامل دیگر سہولت کاروں اور ملوث افراد کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں تاکہ منی لانڈرنگ کے اس پورے نیٹ ورک کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

