جھڈو (رپورٹ/ قیصر راجہ راجپوت)جھڈو میں پلاٹ کے تنازع پر چچا اور کزنز کے مبینہ تشدد سے عابد کالونی کے رہائشی نوجوان شوکت آرائیں شدید زخمی ہوگئے۔ ملزمان نے نوجوان کو لاٹھیوں سے بے دردی سے تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے باعث ان کی ٹانگ ٹوٹ گئی۔ زخمی نوجوان کو تشویشناک حالت میں ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لیے ڈگری اسپتال منتقل کردیا گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی جھڈو پولیس موقع پر پہنچ گئی اور تشدد کے الزام میں قادر آرائیں اور ان کے بیٹوں ساجد، بابر اور ماجد کو حراست میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔تشدد کا نشانہ بننے والے نوجوان شوکت آرائیں نے بتایا کہ ان کے مرحوم والد لیاقت آرائیں کے پلاٹ پر ان کے چچا کافی عرصے سے مبینہ طور پر قابض ہیں۔ اس حوالے سے انہوں نے جھڈو تھانے میں درخواست بھی دی تھی، جس پر مبینہ طور پر مشتعل ہو کر چچا اور کزنز نے انہیں راستے میں زبردستی پکڑ کر گھر لے جا کر دروازے بند کرکے تشدد کا نشانہ بنایا۔متاثرہ نوجوان نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ قاتلانہ حملے میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

